اعداد وشمار
مادہ
شیطان کب مرے گا؟
سوال
شیطان (ابلیس) کو کبھی موت بھی آئے گی یا وہ ہمیشہ کے لیے زندہ رہے گا؟
الجواب بعون الوہاب ومنہ الصدق والصواب والیہ المرجع والمآب
اللہ سبحانہ وتعالى نے قرآن مجید فرقان حمید میں یہ اصول بیان فرمایا ہے:
كُلُّ مَنْ عَلَيْهَا فَانٍ
جو کوئی بھی اس پر ہے، فنا ہونے والا ہے۔
[الرحمن : 26]
نیز فرمایا:
كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ ثُمَّ إِلَيْنَا تُرْجَعُونَ
ہر جان موت کو چکھنے والی ہے، پھر تم ہماری طرف لوٹائے جاؤ گے۔
[العنكبوت : 57]
جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ابلیس کو بھی فنا ہے وہ بھی دنیا میں ہمیشہ نہیں رہے گا۔ البتہ اس نے اللہ تعالى سے قیامت تک کے لیے مہلت طلب کی تو اللہ نے اسے مہلت دے دی۔
اللہ تعالى کا فرمان ہے:
قَالَ أَنْظِرْنِي إِلَى يَوْمِ يُبْعَثُونَ قَالَ إِنَّكَ مِنَ الْمُنْظَرِينَ
اس (ابلیس) نے کہا مجھے اس دن تک مہلت دے جس دن وہ اٹھائے جائیں گے۔ (اللہ  نے ) فرمایا : تو مہلت دیے جانے والوں میں سے ہے۔
[سورۃ الأعراف: 14-15]
یہاں یہ بات ذہن نشیں رہے کہ اللہ نے یہ تو کہا ہے کہ تجھے مہلت ہے لیکن مہلت کب تک ہے؟ اسکی صراحت اللہ تعالى نے نہیں فرمائی۔ بہر حال یہ بات تو یقینی ہے کہ قیامت سے قبل جب صور پھونکا جائے گا تو باقی سب کے ساتھ وہ بھی فنا ہو جائے گا۔ اللہ تعالى کا ارشاد گرامی ہے:
وَنُفِخَ فِي الصُّورِ فَصَعِقَ مَنْ فِي السَّمَاوَاتِ وَمَنْ فِي الْأَرْضِ إِلَّا مَنْ شَاءَ اللَّهُ ثُمَّ نُفِخَ فِيهِ أُخْرَى فَإِذَا هُمْ قِيَامٌ يَنْظُرُونَ
اور صور میں پھونکا جائے گا تو جو آسمانوں اور جو زمین میں ہیں فورا بے ہوش ہو جائیں گے، الا ما شاء اللہ، پھر اس میں دوبارہ پھونکا جائے گا تو وہ سب کھڑے دیکھ رہے ہونگے۔
[سورۃ الزمر: 68]
اسکے بعد اخروی زندگی شروع ہو جائے گی جو کہ سب انسانوں اور جنوں کے لیے ہمیشگی والی ہوگی ، یا تو جنت میں یا جہنم میں۔
هذا، والله تعالى أعلم، وعلمه أكمل وأتم، ورد العلم إليه أسلم، والشكر والدعاء لمن نبه وأرشد وقوم، وصلى الله على نبينا محمد وآله وصحبه وبارك وسلم
-     
الاربعاء PM  09:14   
 2022-02-02
- 1440





