اعداد وشمار
مادہ
حالت اکراہ میں مجاہدین کی مخبری
سوال
میں جہاد کشمیر میں حصہ لے چکا ہوں لیکن میرے ساتھ ایک بڑا حادثہ ہوا وہ یہ کہ میں ہندو آرمی کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا گرفتار ہونے کے بعد ہندو آرمی نے مجھے ٹارچر کیا اور باقی مجاہدین کا پتہ معلوم کرنے لگے میرے ایمان کی کمزوری تھی کہ میں ٹارچر برداشت نہ کر سکا اور انھیں مجاہدین کا پتہ بتا دیا نتیجتاً آرمی نے چھاپہ مارا اور کچھ مجاہد شہید ہو گئے مگر میری وجہ سے، میں اس وجہ سے بہت زیادہ پریشان ہوں اور مجھے بہت ڈر لگتا ہے کہ اللہ کے آگے کیا جواب دوں گا کہ مجھ سے اتنا بڑا گناہ سرزد ہو گیا ہے اور مجھے بعض اوقات لگتا ہے کہ معلوم نہیں میری توبہ قبول بھی ہو گی یا نہیں، میری عرض یہ ہے کہ مجھے کیا کرنا چاہیے کہ اللہ میرا گناہ معاف کر دے؟؟
الجواب بعون الوہاب ومنہ الصدق والصواب والیہ المرجع والمآب
رسول اللہ  کا فرمان ہے :
«إِنَّ اللَّهَ وَضَعَ عَنْ أُمَّتِي الْخَطَأَ، وَالنِّسْيَانَ، وَمَا اسْتُكْرِهُوا عَلَيْهِ»
یقینًا اللہ تعالى نے میری امت کو غلطی اور بھول چوک اور جن کاموں پر وہ مجبور کر دیے جائیں ‘ معاف کیے ہیں۔
سنن ابن ماجہ: 2045
حتى کہ جبر ، تشدد وظلم کے ڈر سے کوئی کفریہ کلمہ کہہ دیتا ہے یاکفریہ کام سر انجام دے بیٹھتا ہے تو ایسے آدمی کو کافر قرار نہیں دیا جاسکتا، کیونکہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے فرمایا ہے :
مَنْ كَفَرَ بِاللَّهِ مِنْ بَعْدِ إِيمَانِهِ إِلَّا مَنْ أُكْرِهَ وَقَلْبُهُ مُطْمَئِنٌّ بِالْإِيمَانِ وَلَكِنْ مَنْ شَرَحَ بِالْكُفْرِ صَدْرًا فَعَلَيْهِمْ غَضَبٌ مِنَ اللَّهِ وَلَهُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ
جو آدمی اللہ پر ایمان لانے کے بعد کفر کرے( اللہ کو ہرگز یہ گوارا نہیں ہے)۔ہاں وہ بندہ جس کو مجبور کردیا گیا(تو اس آدمی پر کوئی وعید نہیں ہے) لیکن جس نے شرح صدر کے ساتھ ، دل کی خوشی کے ساتھ کفر کیااس پر اللہ تعالیٰ کا غضب ہے،اوران کےلئے بہت بڑا عذاب ہے۔
(النحل : ١٠٦)
جب اکراہ اور زبردستی کی وجہ سے کفریہ قول یا فعل کا مرتکب کافر نہیں ہوتا ، تو مجاہدین کی مخبری کرنا کلمہ کفر کہنے یا کفریہ فعل سر انجام دینے سے کمتر گناہ ہے، اس پر مؤاخذہ کیونکر ہوگا؟
لہذا آپ تسلی رکھیں اور اللہ تعالى سے حسن ظن رکھیں ۔ آپ نے جو مخبری کی وہ اکراہ کی حالت میں کی ، اور ایسی صورت میں آپکا عمل قابل مؤخذہ نہیں۔
هذا، والله تعالى أعلم، وعلمه أكمل وأتم، ورد العلم إليه أسلم، والشكر والدعاء لمن نبه وأرشد وقوم، وصلى الله على نبينا محمد وآله وصحبه وبارك وسلم
-     
الخميس PM  05:21   
 2022-02-03
- 870





