اعداد وشمار
مادہ
الگ گھر کا خاوند سے مطالبہ کرنا
سوال
ہمارے معاشرہ میں شادی کے بعد خاوند اپنی زوجہ کو لےاپنے والدین کے ساتھ ہی رکھتا ہے۔ جبکہ اکثر اوقات بیوی کا یہ مطالبہ ہوتا ہے کہ اسے الگ گھر میں رکھا جائے۔ کیا بیوی کہ یہ مطالبہ شرعا درست ہے؟
الجواب بعون الوہاب ومنہ الصدق والصواب والیہ المرجع والمآب
ہندی معاشرہ کی یہ رسم کہ مرد شادی کے بعد استطاعت ہونے کے باوجود اسی گھر میں قیام پذیر رہتا ہے جس میں اسکے دیگر شادی شدہ بہن بھائی رہتے ہیں ، اسلامی طرز معاشرت کے بالکل خلاف ہے۔ اسلام کسی بھی مرد سے اس بات کا تقاضہ کرتا ہے کہ وہ اپنی بیوی کو الگ گھر میں رکھے ، اور اگر وہ اسکی طاقت نہیں رکھتا تو تب بھی اپنے پہلے گھر میں ہی رہتے ہوئے اسے الگ رکھے۔ یاد رہے کہ یہ علیحدگی بالغ بہن بھائیوں سے ہوتی ہے والدین سے نہیں! والدین تو اپنی اولاد میں سے ہر ایک کے گھرانہ کا حصہ ہیں۔
رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے اپنی تمام تر ازواج مطہرات کو الگ الگ گھر کا بندو بست کر کے دیا تھا.
لہذا بیوی اپنے اس مطالبہ میں حق بجانب ہے ، اور خاوند اگر استطاعت رکھتا ہے تو اسے الگ گھر میں رکھے اور اگر گھر الگ کرنے کی طاقت نہیں تو اسی گھر میں ایسی تقسیم کر لے کہ جس سے وہ اپنے دیوروں اور جیٹھوں وغیرہ کی وجہ سے پریشان نہ ہو، اور اپنے پردہ کی وجہ سے اسے سارا دن قید ہو کر نہ گزرانا پڑے۔
یہاں ایک اور بات بھی اچھی طرح سمجھ لیں کہ ہمارے معاشرہ میں الگ ہونے سے مراد والدین سے بھی الگ ہوجانا سمجھا جاتا ہے۔ جبکہ کوئی بھی انسان اپنے والدین سے الگ ہو، اسکی شریعت میں گنجائش نہیں، بلکہ وہ بھی اور اسکا سارا مال بھی اسکے والد ہی کا ہے، والد جیسا چاہے اسکے مال میں تصرف کرسکتا ہے۔
سنن ابن ماجه: 2291
الگ ہونے سے مراد اپنے بہن بھائیوں سے الگ ہونا مراد ہوتا ہے، جو کہ مطلوب شریعت ہے۔ رہے والدین تو وہ زندگی بھر اسکے ساتھ ہی ہیں خواہ وہ اسکے مکان میں رہیں، یا اپنے کسی اور بیٹے کے مکان میں رہیں، یا اپنے ہی مکان میں رہائش پذیر ہوں۔ اور جب والد کا اپنا ذریعہ آمدن کمزور یا ختم ہو جائے تو تمام بیٹوں پر واجب ہے کہ وہ اپنے والدین کے لیے اخراجات کا بندو بست کریں، خواہ ماہانہ وظیفہ مقرر کر دیں یا انکی مختلف ضروریات اپنے اپنے ذمہ لے کر انہیں بقدر استطاعت پورا کریں۔
هذا، والله تعالى أعلم، وعلمه أكمل وأتم، ورد العلم إليه أسلم، والشكر والدعاء لمن نبه وأرشد وقوم، وصلى الله على نبينا محمد وآله وصحبه وبارك وسلم
-
الخميس PM 10:14
2022-01-20 - 1080





